راشٹریہ جنتادل کے سینئر لیڈرشیوانند تیواری کو ایک سال قیدکی سزا

بہارمیں اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے مجرمانہ مقدمات کی سماعت کے لیے قائم پٹنہ کی ایک خصوصی عدالت نے راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر شیوانند تیواری کو ہتک عزت کے ایک معاملے میں ایک سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔خصوصی جج ساریکا بہالیہ نے سماعت کے بعدتعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت مسٹر تیواری کو مجرم قرار دینے کے بعد یہ سزا سنائی ہے۔جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں تیواری کو تین ماہ قید کی سزا الگ سے بھگتنی ہوگی۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد تیواری کے وکیل سدھیر کمار سنہا نے ایک عرضی دے کر ضمانت پر رہائی کی درخواست کی۔ درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے  تیواری کو اپیل دائر کرنے کے لیے ضمانت پر رہا کردیا۔شکایت نامہ کے مطابق سنجے جھا نے 07 اگست 2018 کو ایک پریس کانفرنس میں تیواری کے دیے گئے مبینہ بیان کو ہتک آمیز قرار دیا تھا، جس میں تیواری نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور سنجے جھا کے درمیان تعلقات کو لے کر مبینہ طور پر قابل اعتراض بیان دیا تھا۔اور کہا تھا کہ نتیش کمار گیسٹ ہاو س میں رہنے کے بجائے سنجے جھا کے گھر کیوں ٹھہرتے ہیں۔ استغاثہ کی جانب سے الزامات ثابت کرنے کے لیے عدالت میں سنجے جھا سمیت سات گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے گئے تھے جبکہ  تیواری کی جانب سے دفاع میں ایک گواہ پیش کیا گیا۔

This post was originally published on VOSA.