ڈیموکریٹس کا ٹرمپ کمپنیوں پر بیرونی حکومتوں سے لاکھوں ڈالر لینے کا الزام

 امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹس کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بزنس کمپنیوں نے وائٹ ہاؤس میں ان کی صدارت کے دوران چین سمیت غیرملکی حکومتوں اور ان کے رہنماؤں سے 7.8 ملین ڈالر یعنی 78 لاکھ ڈالر وصول کیے ۔ایوان کی نگران کمیٹی کے ڈیمو کریٹس نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ، سعودی عرب ، بھارت ، ترکیہ اور جمہوریہ کانگو ان تقریباً 20 ملکوں میں شامل تھے جن کے نمائندوں نے ٹرمپ کی صدارت کے دوران ان کے ہوٹل اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو رقوم کی ادائیگی کی ۔رپورٹ کے مصنفین نے دعویٰ کیا ہےکہ بیرونی ملکوں کی حکومتوں سے حاصل کردہ ایسے محصولات سے غیر ملکی حکومتوں کے نمائندوں سے خدمات کا معاوضہ لینے پر عائد آئینی پابندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔“وائٹ ہاؤس برائے فروخت کے عنوان کے تحت اس رپورٹ میں کہا گیا کہ ، صدر کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی حکومتوں اور ان کے راہنماؤں سے ، جن میں دنیا کی کچھ انتہائی ناگوار حکومتیں شامل ہیں، سات اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر ادائیگیوں کی شکل میں قبول کیے ہیں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، ہم صرف ایسی چند ادائیگیوں کے بارے میں جانتے ہیں جو سابق صدر ٹرمپ کی صدارت کے صرف دو برسوں کے دوران انہیں دنیا کے 190 سے زیادہ ممالک میں سے صرف 20 ملکوں سے ان کے 500 سے زیادہ کاروباری کمپنیوں میں سے صرف چار کے ذریعے منتقل ہوئیں۔

This post was originally published on VOSA.