نیو یارک میں نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام  وومنز ڈے کی تقریب

نیو یارک میں نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام  وومنز ڈے کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل عامر احمد اتو زئی تھے۔نیو یارک کے علاقے  بروکلین کونی آئی لینڈ ایوینیو پر واقع نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے دفتر میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد از تلاوت بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے خطاب میں عامر احمداتوزئی کا کہنا تھا کہ  دنیا کی تمام خواتین رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر  لائق احترام ہیں ، اور ہمیں انہیں وہی عزت و تکریم دینی چاہیئے جو ہم اپنی ماں بہنوں اور بیٹیوں کو دیتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی صدر راحیلہ اسلم کا کہنا تھا کہ  میری خواہش ہے کہ تمام پاکستانی خواتین کو با اختیار بنا یا جائے  اور ہماری تنظیم اسی ایجنڈے پر فوکس کر رہی ہے۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہونا چاہیئے کہ ہم ایسی امت کے پیروکار ہیں جس میں خواتین کو وہ  تمام حقوق تفویض کئے گئے  جو اس سے پہلے کسی کو حاصل نہ تھے۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین سمیت امریکن آفیشلز نے بھی شرکت کی، شرکاء کا کہنا تھا  پوری دنیا میں تمام خواتین برابری کی حامل ہیں،  اور ان میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیئے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے شرکاء میں اوڑھنیاں اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔

This post was originally published on VOSA.