بھارت میں الیکشن کمشنر مستعفی

 بھارت میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے چند روز قبل ہی الیکشن کمشنر نے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد 3 عہدیداروں پر مشتمل الیکشن کمیشن میں صرف چیف الیکشن کمشنر رہ گئے ہیں۔بھارتی الیکشن کمیشن کے ارون گوئیل نے الیکشن کمشنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، وہ ان تین اعلیٰ عہدیداروں میں سے ایک تھے جو 96 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز پر مشتمل انتخابات کرانے کا مجاز ہیں۔بھارت کی وزارت قانون و انصاف نے گزٹ نوٹیفکیشن میں کہا کہ بھارتی صدر دروپدی مورمو نے ارون گوئیل کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے .ارون گوئیل نے نومبر 2022 میں الیکشن کمشنر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا تھا تاہم انہوں نے استعفے کی وجوہات نہیں بتائیں اور الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بھی ان کے استعفے کی وجوہات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔بھارت کے الیکشن کمیشن میں اب چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار رہ گئے ہیں کیونکہ دوسرے الیکشن کمشنر انوپ چندرا پانڈے گزشتہ ماہ ریٹائر ہوگئے تھے اور اب ارون گوئیل نے استعفیٰ دے دیا۔اپوزیشن جماعتوں نے ارون گوئیل کے استعفے کے بعد تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

This post was originally published on VOSA.