امریکا میں مسلمانوں کا بڑا اجتماع مظلوم فلسطینوں کی آواز بن گیا

شرکاء نے غزہ کے مسلمانوں کو دل کی دھڑکن قرار دیا،ہمت جرات کو سراہا ،اجتماع میں30ہزار سے زائد افراد کی شرکت

امریکہ میں مسلمانوں کے سب سے بڑے اجتماع کا آغاز ہو گیا، تین روزہ ”اکنا ۔ ماس“ کنونشن میں امریکہ بھر سے مسلم امریکن کمیونٹی کےتیس ہزار سے زائد افراد  شرکت کر رہے ہیں  جبکہ کنونشن میں  اسلامک سکالرز اور اہم شخصیات کے خصوصی خطابات  بھی شامل ہیں۔امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں مسلم امریکن کمیونٹی کا سب سے بڑا  تین روزہ اجتماع شروع ہو گیا ہے ۔ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کا یہ49ویں سالانہ کنونشن ہے جس میں  امریکہ بھر سے 30 ہزار سے زائد  افراد  شریک ہیں۔ کنونشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے اکنا کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر محسن انصاری کا کہنا تھا  کہ  فلسطین اور غزہ کے مسلمان ہم سب کے دل کی آواز ہیں اس لئے اس کنونشن کا عنوان بھی اسی مناسبت  سےہے۔اجتماع میں پانچوں وقت کی نماز با جماعت ادا کی جارہی ہے جس میں مسلم کمیونٹی کے ہزاروں ارکان یکجا ہو کر بارگاہ الٰہی میں سربسجود ہوتے ہیں۔اس موقع پر اکنا کے پریذیڈنٹ  ڈاکٹر محسن انصاری نے حال ہی میں اسلام قبول کرنے والے امریکہ کے معروف ایکیٹوسٹ شان کنگ کی جرات کو  سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی حمایت کے بعد سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام نے انکا اکاونٹ ڈی ایکٹیویٹ کردیا تھا جہاں ان کے6 ملین فالورز تھے لیکن انہوں نے اپنی ہمت اور جرات  کے بدلے جو نقصان اٹھایا اسکے باوجود یہ فلسطینیوں کی آواز بنے رہے۔ایوارڈ یافتہ معروف امریکی مصنف،صحافی اور انسانی حقوق کے رہنما 44 سالہ جیفری شان کنگ  بھی پروگرام کا حصہ بنے جہاں شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے  اپنے خطاب میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلندکی ۔اس کنونشن میں امریکہ کے نامور اسلامک سکالرز اور اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات  180 سے زائد مختلف سیشنز اور ورکشاپس میں خطابات کررہے ہیں جن میں  دین اسلام کی تعلیمات سمیت اہم امور زندگی کے متعلق خصوصی بیانات شامل ہیں۔مقررین میں معروف علمائے کرام یاسر قاضی،الطاف حسین سمیت دیگر شریک ہیں۔ کنونشن میں فلسطین اور غزہ کے مظلومین کے لئے  بھی آواز بلند کی گئی۔زرائع ابلاغ سےبات کرتے ہوئے شان کنگ نے کہا کہ غزہ اب بھی ہمارے دلوں میں ہے،اس خوفناک نسل کشی نے ہم میں سے بہت سے لوگوں کو اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا ہے،میں تمام فلسطینیوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے ان سب  کا مشکور ہوں جو اس وقت بھی انکے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔بالٹی مور کے وسیع و عریض کنونشن ہال میں منعقد ہونیوالے اس کنونشن میں نہ صرف دین اسلام کی تبلیغ کے کام ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ تین روزہ اجتماع مسلم امریکن کمیونٹی کے لئے ایک تفریخ کا سامان بھی فراہم کرتا ہے۔

کنونشن میں ایک بڑے بازار کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں امریکہ بھر سے آئے مسلم وینڈرز ہر قسم کی اشیاءفروخت کرتے ہیں،اسی طرح بچوں کی تفریح کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔کنونشن کے تیسرے روز دعا کے ساتھ اسکا اختتام ہو گا۔

This post was originally published on VOSA.