جرمن پاکستان پریس کلب کا پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ

جرمن پاکستان پریس کلب برلن کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے صحافیوں کے اعزاز میں  برلن کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پُر تکلف عشائیہ دیا گیا اور ساتھ ہی اس ملاقات کو بیلجیئم کے معروف صحافی مرحوم خالد حمید فاروقی کے نام کیا گیا۔تقریب کے شُرکاء نے نہ صرف خالد حمید فاروقی کے ساتھ اپنی وابستگی اور یادوں کا احاطہ کیا بلکہ حکومت وقت سے اُن کی صحآفتی خدمات کے پیش نظر تمغہ امتیاز کا بھی مطالبہ کیا، جرمن پاکستان پریس کلب کے ظہور احمد نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ خالد حمید فاروقی تمام یورپ میں اپنی اعلیٰ اور شفاف پیشہ ورانہ صحافت کے لیے مشہورتھے۔ سینئر صحافی خالد حمید فاروقی چھ مئی دو ہزار بائیس کو  اچانک حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کرگئےتھے۔برسلز میں ان کی موت کی اچانک اطلاع نے بیلجیئم اور یورپ میں موجود ان کے دوستوں کو ایک دم افسردہ کردیا۔ظہور احمد نے کہا کہ  اس تقریب ملاقات کو بھی ہم بیاد خالد حمید فاروقی کے نام سے منسوب کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت سے مودبانہ درخواست کرتے ہیں کہ شفاف اور حق پر مبنی صحافت کا علم اونچا رکھنے والے  خالد حمید فاروقی کی صحافتی خدمات کو یورپ سے مد نظر رکھا جائے اور انہیں تمغہ امتیاز براہ صحافت عنایت کیا جائے۔تمام شرکاء صحافی برادری نے اس قرار داد کی تائید کرتے ہوئے ارادہ کیا کہ وہ اس حوالے سے یقیناً اپنا تعاون پیش کریں گے اور  بذریعہ میڈیا و پاکستان پریس کلب کے تحت  اس درخواست کو آگے بڑھائیں گے اور خالد حمید فاروقی کی صحافتی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمغہ امتیاز کے حصول کےلیے بھر پور  کوشش کریں گے۔ خر میں جرمن پاکستان پریس کلب برلن کے صدر اور اراکین کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور پُرتکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔

This post was originally published on VOSA.