
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2025 چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی باضابطہ منظوری دے دی۔بجٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور آئی سی سی نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بات چیت کے دوران پاکستان کی نمائندگی کی۔19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کراچی، راولپنڈی اور لاہور سمیت تین مقامات پر منعقد کی جائے گی۔پی سی بی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔اس کے علاوہ ، پی سی بی نے تین بڑے اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کے لیے 12.80 ارب روپے مختص کیے ہیں۔لاہور میں قذافی اسٹیڈیم، کراچی میں نیشنل بینک کرکٹ ایرینا اور راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر یہ رقم خرچ ہوگی ۔ٹورنامنٹ کی دیگر تمام شریک ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں ۔ پی سی بی کو امید ہے کہ بھارت بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔پی سی بی کا موقف ہے کہ میزبان ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو ٹورنامنٹ کا واحد مقام ہونا چاہیے۔آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک کولمبو میں جاری رہے گا جہاں پی سی بی تمام میچز کی پاکستان میں میزبانی کے لیے بھرپور وکالت کرے گا۔چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان، بھارت کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
This post was originally published on VOSA.