نیویارک:نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے گڈ ڈے نیو یارک کے پروگرام میں لائیو شرکت کی اورشہر میں جاری عوامی مختلف منصوبوں پر سوالات کے جوابات دئیے۔پروگرام میں میئر کے ساتھ ڈپٹی میئر آنا المانزر بھی موجود تھیں۔ میئر ایڈمز سے جب اسکولوں میں سیل فون کے استعمال کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں سیل فونز کو اسکولوں میں استعمال نہ کیا جائے، لیکن اس کے لیے وہ والدین، طلباء اور اساتذہ کی رائے کو شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایک مؤثر نظام تیار کیا جا سکے۔کرایہ بچانے والوں کے خلاف ایم ٹی اے کے اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ کرایہ بچانے والے لوگ اکثر مالی طور پر مستحکم ہوتے ہیں لیکن وہ جان بوجھ کر کرایہ نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ بچانے سے شہر کے مالی وسائل پر بوجھ پڑتا ہے اور وہ ان لوگوں کی حمایت کرتے ہیں جو ایمانداری سے کرایہ ادا کرتے ہیں۔میئر ایڈمز نے 125ویں اسٹریٹ اور لیکسنگٹن ایونیو کے علاقے میں منشیات کے استعمال اور بے گھری کے مسائل کو تسلیم کیا اور کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کی زبردستی ہٹانے کی حمایت کرتے ہیں جو شدید ذہنی بیماری کا شکار ہیں لیکن اس کے لیے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔پروگرام کے آخر میں، میئر نے اعلان کیا کہ شہر کے ہائی پروفائل مہمانوں جیسے پرنس ہیری کے لیے NYPD خصوصی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔
This post was originally published on VOSA.