پاکستان کی اعلی عدلیہ کےسینئر ججز کا واشنگٹن پاکستانی سفارتخانے   کا دورہ

واشنگٹن:امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے آج سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔وفد میں لاہور،سندھ،پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز صاحبان،ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شامل تھے۔ مسز مارٹینا پولاسک،سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل سینٹر برائے  تنازعات سرمایہ کاری ورلڈ بینک، زمرک خان اور امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈویلپمنٹ پروگرام کے دیگر ممبران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔یہ اعلیٰ وفد اس وقت امریکہ کے دورے پر ہے جس  کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کررہا ہے تاکہ  ملکی اور سرحد پار تنازعات کے تصفیے کے ماحول کو مضبوط بنانے،معاہدوں کے نفاذ کو بہتر بنانے، عدالتوں میں زیر التوا کیسز کی تعداد کو کم کرنے اور انصاف تک موثر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے علم اور مہارت کا تبادلہ خیال کیا جا سکے۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر  پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کو اجاگر کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مضبوط بنانے، بہتر خدمات اور انصاف کی فراہمی کے لیے استعداد کار میں اضافے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر پاکستان نے اس طرح کے تبادلوں کو حکومتی سطح پر روابط و تعاون کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے  مختلف سطحوں پر ان تبادلوں میں اضافے کی اہمیت  پر زور دیا تاکہ نظام انصاف کو بہتر بنانے اور قانونی اصلاحات کے حوالے سے  مکمل طور پر استفادہ کیا جا سکے۔جسٹس شاہد وحید نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ امید اور خواب کا سفر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قانونی برادری ملک میں ایک موثر  نظام انصاف کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔مسز مارٹینا پولسیک نے اپنے ریمارکس میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سینئر ججز اور قانونی برادری کے اراکین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قانون کے شعبے میں معلومات کے تبادلےاورمضبوط تعلقات کوفروغ دےگا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کامیاب اور نتیجہ خیز  دورے  کے  حوالے سے   نیک خواہشات کا اظہار کیا۔