نیویارک میں اوبر ایپ کی بندش، ڈرائیورز نے ہڑتال کا اعلان کردیا

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک میں مخصوص اوقات میں اوبر اور لفٹ کی بندش کے خلاف کیب ڈرائیورز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ نیویارک ٹیکسی ورکرز الائنس  نے اوبر اور لفٹ کی ظالمانہ پالیسی کے خلاف ریلی نکالی اور تئیس اکتوبر کو  مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔ اوبر اور لفٹ کے ڈرائیورز معاشی استحصال کے خلاف ایک بار  پھر کھڑے ہو گئے۔ نیویارک ٹیکسی ورکرز الائنس کی کال پرہزاروں ڈرائیورز سڑکوں پر نکل آئے اور مین ہٹن میں احتجاجی ریلی نکالی۔ریلی کی قیادت نیویارک  ٹیکسی ورکرز الائنس کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بہراوی دیسائی کررہی تھیں جبکہ ان کے ہمراہ اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن بھی موجود تھے۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں مختلف مطالبات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور  اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے نعرے بھی لگائے۔نیویارک ٹیکسی وکرز الائنس کا کہنا  ہے کہ اوبر کمپنی نے صارفین کی تعداد کم ہونے پر ایپلی کیشن کی بندش کو معمول بنالیا ہے جو ٹی ایل سی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ڈرائیورز کو سالانہ کئی ہزار ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے،ہم 23 اکتوبر کو مکمل ہڑتال کریں گے۔ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے فی الحال ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے،کمپنیوں کے پاس ڈیڑھ ماہ کا وقت ہے،اگر مخصوص اوقات میں ایپ کی بندش کا سلسلہ بند کیا اور  کم از کم اجرت کی ادائیگی اور میئر ایڈمز کے ساتھ طے پائے گئے معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی نہ بنایا تو مزید  سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے ۔

This post was originally published on VOSA.