پاکستان اور ترکی کا غزہ میں فوری جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمہ کا مطالبہ

  نیویارک(ویب ڈیسک)پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔  انہوں نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے آئندہ 7ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  انہوں نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور گشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران صدر ایردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی جن کی بدولت پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا اور وزیر اعظم کی قیادت اور اقتصادی اصلاحات کے عزم کو سراہا۔  صدر ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔ نیویارک ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نےصدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ترکیہ کے صدر کے ساتھ ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی،آج اقوام متحدہ میں ترکیہ کے صدر نے انتہائی پرجوش خطاب کیا،ترکیہ کے صدر نے فلسطین کا مسئلہ جس طرح بیان کیا، اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا، وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، ہم نے ان کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

This post was originally published on VOSA.