اقوام متحدہ فوری اسرائیل کی غزہ میں جاری جارحیت روکے،شہباز شریف

نیویارک(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہےکہ اقوام متحدہ کو فوری طور پر اسرائیل کی غزہ میں جاری جارحیت، یوکرین میں جنگ روکنے اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔شہباز شریف نے سلامتی کونسل کے اس اعلیٰ سطحی اجلاس کے انعقاد پر سلووینیا کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج دنیا جنگوں، بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی، اور عالمی سطح پر غربت جیسے مسائل سے دوچار ہے، جو عالمی نظام کو ہلا کر رکھ رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کو سب سے پہلے اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، اور اسرائیل پر پابندیاں، بشمول اسلحہ اور تجارتی پابندیاں، لگانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ساتھ، یوکرین میں جاری جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔وزیر اعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بھارتی جارحیت کو لگام ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ جنگ کو مزید خطرناک اور مہلک بنانے والی نئی ٹیکنالوجیز، جیسے مصنوعی ذہانت، پر عالمی سطح پر کنٹرول نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ گزشتہ اتوار کو "پیکٹ فار دی فیوچر” کی منظوری دی گئی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان وعدوں کو عملی شکل دی جائے، ورنہ مستقبل انتہائی تاریک اور خطرناک ہو سکتا ہے۔

This post was originally published on VOSA.