
نیویارک(ویب ڈیسک)اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے بھارت کے ریاستی دہشت گردی اور عالمی دہشت گردی کی سرپرستی کو بے نقاب کر دیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے پہلے سیکرٹری جواد اجمل نے بھارت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے، جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔ یہ رویہ ان لوگوں میں عام ہے جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہیں، اپنے پڑوسیوں پر جارحیت کرتے ہیں، کالونیوں جیسی آبادکاری کی پالیسیوں کو اپناتے ہیں اور آزادی اور خود مختاری کی جائز جدوجہد کو دہشت گردی قرار دیتے ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا بھارت اپنی نفرت پر مبنی نظریے کے زیر اثر ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجود سنگین صورتحال اور کشمیری عوام کی غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کو تسلیم کرنے سے قاصر ہے۔ بھارت خود کو دھوکہ دے رہا ہے۔ ہم بھارت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ تاریخ پر نظر ڈالے، خود پر غور کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے جو کشمیری عوام کو حق خود ارادیت فراہم کرتی ہیں۔جواد اجمل نے کہا کہ بھارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گرد حملے کروا رہا ہے، جو کہ کوئی راز نہیں ہے۔ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کی سرپرستی بھی واضح ہے۔دنیا نے طویل عرصے تک بھارت کے ناقابل قبول رویے پر توجہ نہیں دی، جو اس کی حکومت کے انتہا پسند ہندو نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس نظریے کے نتیجے میں بھارت کی دہشت گردی کی عالمی مہم کا انکشاف ہوا ہے، جو کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی مخالفین کے قتل کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ بھارتی قیادت غیر ملکی سرزمین پر اپنے شہریوں کے قتل کا برملا اعتراف کرتی ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے لیے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کے لیے اور غیر ملکی سرزمین پر قتل کی عالمی مہمات کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔
This post was originally published on VOSA.