چرچ میں تیسرے درجے کی آگ بجھانے کے دوران تین فائر فائٹرز زخمی،ٹرین آپریٹر چاقو کے متعدد وار سے زخمی
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک کے علاقے برونکس میں ایک اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگنے سے9افراد زخمی ہوگئے۔ جن میں ایک 79 سالہ خاتون بھی شامل ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔واقعہ یونیورسٹی ہائٹس سیکشن میں ویسٹ 192 اسٹریٹ اور ویسٹ 190 اسٹریٹ کے درمیان یونیورسٹی ایونیو پر واقع پانچ منزلہ اپارٹمنٹ کی دوسری منزل پر پیش آیا۔واقعہ کی اطلاع پر فائر فائٹر موقع پر پہنچ گئے۔ایف ڈی وائی کے ڈپٹی چیف ولیم میک کارمیک نے کہا کہ آگ اتنی شدید تھی کہ کارروائی میں مشکل پیش آئی اور فورا کارروائی کرکے4افراد کو جلنے سے بچایا۔جس میں ایک 72 سالہ پابلو ابریو روڈریگوز شامل تھے۔ ڈپٹی چیف ماریو تھامپکنز نے کہا کہ آگ سے9افراد زخمی ہوئے جس میں ایک شخص نے طبی امداد لینے سے انکار کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا کہ آگ کس وجہ سے لگی۔علاوہ ازیں اسٹیٹن آئی لینڈ کے ایک چرچ میں تیسرے درجے کی آگ بجھانے کے دوران تین فائر فائٹرز زخمی ہو گئے۔آگ شام 7 بجے سے کچھ پہلے فُل گاسپل ٹیبیرنیکل چرچ میں لگی ، جو کیسٹلٹن ایونیو پر ویسٹ اسٹریٹ اور اسٹیٹ اسٹریٹ کے درمیان واقع ہے. آگ نے تین منزلہ چرچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر حکام کے مطابق، 33 یونٹس اور 138 فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔تین زخمی فائر فائٹرز کو علاج کے لیے رچمنڈ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔مزید براں بروکلین کراؤن ہائیٹس میں ایک ٹرین آپریٹر کو متعدد بار چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا گیا،ڈرائیور کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ واقعہ منگل کی صبح تقریباً 11 بجے کراؤن ہائیٹس-یوٹیکا ایونیو اسٹیشن میں پیش آیا، پولیس کے مطابق 60 سالہ ٹرین آپریٹر مریان پولاک کو 27 سالہ جوناتھن ڈوالوس نے سینے، پیٹ اور ران میں چاقو مارا۔ پولاک نے مسافروں کو ٹرین کے آخری اسٹاپ پر اترنے کا کہا، لیکن ڈوالوس نے انکار کر دیا اور بحث پلیٹ فارم پر جا پہنچی، جہاں اس نے پولاک پر حملہ کر دیا۔ڈوالوس پیرول پر تھا اور اس سے قبل بھی ایم ٹی اے کے کنڈکٹر پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے۔ وہ ایک درجن سے زائد بار گرفتار ہو چکا ہے۔ پولاک کو کنگز کاؤنٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ڈوالوس کو گرفتار کر کے اس پر دوسرے درجے کی قتل کی کوشش، پہلے اور دوسرے درجے کے حملے اور دوسرے درجے کی دھمکیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولاک گزشتہ 30 سال سے ایم ٹی اے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
This post was originally published on VOSA.