مدثر ملک کو سارجنٹ کے عہدے پر ترقی ملنے کی خوشی میں جشن

نیوجرسی(نمائندہ خصوصی)ریاست نیوجرسی کی پولیس میں پاکستانی نژاد پہلے اسٹیٹ ٹروپر مدثر ملک کو سارجنٹ کے عہدے پر ترقی ملنے کی خوشی میں پولیس افسران اور اہلکار جمع ہوگئے اور سب دوستوں نے مل کر کیک بھی کاٹا۔مدثر ملک کو نیوجرسی پولیس میں پہلے اسٹیٹ ٹروپر بننے کا اعزاز بھی حاصل  ہے۔اب انھیں سارجنٹ کے عہدے پر ترقی  ملنے کی خوشی میں ان  کے دوست احباب پیٹرسن ٹاؤن کے مقامی ریسٹورانٹ میں جمع ہوئے اور جشن منایا۔

تقریب کی ابتداء تلاوتِ کلام ِ پاک سے  ہوئی۔عشائیے میں پیٹرسن کے میئر آندرے سیئج بھی خصوصی طور پر  شریک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ نیو جرسی میں مسلمان کثیر تعداد میں آباد ہیں،ہم چاہتے کہ مزید مسلمان آگے آئیں اور ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس موقع پر نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر اور ایم او ایس کے صدر عدیل رانا نے مدثر ملک کو مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ این وائے پی ڈی میں تو کافی مسلمان افسران نے مختلف عہدوں پر ترقی حاصل کی ہے لیکن نیوجرسی میں یہ تعداد کم ہے اسی لیے مدثر ملک کی  پروموشن ہم سب کی ترقی ہے۔خوشی کی اس تقریب میں پورٹ اتھارٹی کے افسران بھی شریک ہوئے،دوستوں کی بیٹھک لگی تو ہنسی مذاق ہوا اور یادوں کے قصے بھی چھڑ گئے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم نے اتحاد و اتفاق سے رہنا ہے،ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے اور یہی آگے بڑھنے کا طریقہ ہے۔مدثر ملک نیوجرسی پولیس کی مسلم آفیسر سوسائٹی کے صدر بھی ہیں۔انھوں نے اپنی  پروموشن کو سب کی کامیابی قرار دیا۔مقررین نے انسپکٹر عدیل رانا، کمانڈنگ آفیسر جہانگیر اشرف اور سارجنٹ مدثر ملک کو نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔

This post was originally published on VOSA.