ٹیکساس:ریاست ٹیکساس میں امریکہ کے سب سے بڑے سولر منصوبوں میں سے ایک کا افتتاح ہوا ہے، جو گوگل کا اب تک کا سب سے بڑا سولر انرجی معاہدہ ہے۔اس منصوبے کو اورین سولر بیلٹ کا نام دیا گیا ہے، جس میں تین سولر فارم شامل ہیں، یہ مجموعی طور پر 875 میگاواٹ صاف توانائی فراہم کریں گے، جو کہ ایک عام ایٹمی پلانٹ کے برابر ہے۔ گوگل اس توانائی کا 85 فیصد اپنے ٹیکساس میں موجود ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کو چلانے کے لیے استعمال کرے گا، جبکہ باقی توانائی ریاست کے بجلی کے گرڈ کو فراہم کی جائے گی۔گوگل کے ایگزیکٹو بین سلاس نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ منصوبہ کمپنی کی قابل تجدید اور کاربن سے پاک توانائی فراہم کرنے کی ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔ گوگل کا مقصد ہے کہ 2040 تک دنیا بھر میں صاف توانائی کی خریداری کے لیے 16 بلین ڈالر خرچ کرے۔امریکی وزیر توانائی جینیفر گران ہولم بھی اس تقریب میں شریک تھیں، اور انہوں نے اس منصوبے کو امریکی حکومت کی اُن کوششوں کا حصہ قرار دیا جو ملک میں توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے مینوفیکچررز اور ڈویلپرز کو ترغیبات فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جسے ہم بنتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔یہ منصوبہ ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے کہ گوگل، ایمیزون، اور مائیکروسافٹ کی طرف سے بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔
This post was originally published on VOSA.