پی پی پی یو ایس اے کے زیر اہتمام سانحہ کارساز اور کشمیر بلیک ڈے کی تقریب کا انعقاد

نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی  یو ایس اے،نیو یارک اور فلاڈیلفیا  کے زیر اہتمام سانحہ کارساز اور کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے نیویارک کے علاقے بروکلین کے مقامی ریسٹورنٹ میں یوم سیاہ منایا گیا تقریب کے مہمان خصوصی ندیم اصغر کائرہ  اور سینئر رہنما پی پی پی جاوید چوہدری تھے۔پیپلز پارٹی یو ایس اے، نیو یارک اور فلاڈیلفیا  کے زیر اہتمام منعقدہ سانحہ کارساز اور کشمیر کے یوم سیاہ کی خصوصی تقریب کا مقصد سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد سمیت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم اصغر کائرہ اور جاوید چوہدری تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد از تلاوت بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول بھی پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی یو ایس اے کے صدرخالد اعوان کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی ہمیشہ سے جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے اور شہداء کارساز کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔عظیم لوگ روز روز پیدا نہیں ہوتے تاریخ کو عظیم لوگوں کے لئے مدتوں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔اس موقع پر  پیپلز پارٹی  نیویارک کے صدر ظفرچٹھہ نے  مہمان خصوصی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم اصغر کائرہ اور جاوید چوہدری سمیت تمام  شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔شرکاء سے مخاطب  ہوتے ہوئے پی پی پی فلیڈلفیا کے صدر محمد علی بلوچ  نے کہا کہ ہم اٹھارہ اکتوبر کی مناسبت سے اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر ایک شہید کے خون کے  ایک ایک قطرے کو یاد رکھیں گے اور پاکستان کی ترقی کے لئے اپنے قائدین کی طرح کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ندیم اصغر کائرہ اور جاوید چودھری نے اپنے خطاب میں سانحہ کارساز کے حوالے سے کہا کہ یہ واقعہ پاکستانی سیاست کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جس میں بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں درجنوں پارٹی کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ندیم اصغر کائرہ  نے کہا کہ بی بی کو شہید کرنے کا مقصد پاکستان کو توڑنا تھا  لیکن آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ  لگا کر پاکستان کے وجود کو مضبوط کیا۔تقریب کے دیگر مقررین نے بھی کشمیر اور سانحہ کارساز کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ سے حق و انصاف کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ کشمیر بلیک ڈے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرکاء نے بھارتی زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شہداء کارساز اور کشمیری عوام کے لیے دعا کی گئی اور تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان دونوں اہم موضوعات پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی یو ایس اے نے اس موقع پر یہ پیغام دیا کہ پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں اور مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھے گی۔

This post was originally published on VOSA.