میئر ایرک ایڈمز کا شہریوں کی رہائش کے مسائل حل کرنے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان

نیویارک:نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے سٹی وائیڈ ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ جس کا مقصد قابلِ استطاعت ہاؤسنگ منصوبے پر شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کے مطابق اس دن کو منانے کا مقصد شہریوں کو ان کی رہائش سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے منصوبے کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت شہر بھر میں مختلف مقامات پر رضاکار اور میونسپل عملہ تعینات ہوگا جو شہریوں کو نئے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا اور ان کے سوالات کے جوابات فراہم کرے گا۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ نیویارک میں بڑھتے ہوئے کرایے اور محدود ہاؤسنگ مواقع کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس تاریخی منصوبے کا مقصد شہر میں قابلِ استطاعت مکانات کی تعداد میں اضافہ کرنا اور متوسط و کم آمدنی والے افراد کے لیے رہائشی مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے دوران رہائشیوں کو ہاؤسنگ سبسڈی، رہائش کی درخواستوں، اور قانونی معاونت کے حوالے سے معلومات دی جائیں گی۔ ماہرین کی جانب سے یہ اقدام ایڈمز انتظامیہ کی جانب سے ہاؤسنگ بحران پر قابو پانے کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے شہریوں کو قابلِ استطاعت ہاؤسنگ کے مواقع تک رسائی دینے اور انہیں اس منصوبے کے بارے میں شعور فراہم کرنا ہے۔

This post was originally published on VOSA.