
ملکی و سیاسی صورتحال پر گفتگو،مقامی ہوٹل میں منعقدہ ملاقات میں مرکزی رہنماؤں کی شرکت،نوازشریف ملکی مسائل کا حل نکالنے کے لیے پُرعزم
نیویارک(بیورو رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے نیو یارک میں مقیم پارٹی کے اہم رہنماؤں سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال سمیت اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔مسلم لیگ ن امریکہ کے صدر روحیل ڈار کے زیر اہتمام نیویارک کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس ملاقات میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

میاں نواز شریف کےہوٹل پہنچنے پران کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور نعرے بازی بھی کی گئی۔اس موقع پر نواز شریف نے ملک میں جاری سیاسی تنازعات، مہنگائی اور معاشی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی کارگردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میاں نواز شریف نے پارٹی کے موجودہ منصوبوں اور عوامی خدمات کے حوالے سے بھی بات کی۔نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت ہے اور وہ پاکستان کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطے کو مضبوط بنائیں اور پارٹی کے منشور کو عوام تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔نواز شریف نے اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور پارٹی کے نظریے اور اصولوں کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد اور مضبوط قیادت کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
This post was originally published on VOSA.