نیویارک: پاکستانی سفیر کی نیویارک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملاقات

نیویارک(ویب ڈیسک) امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سرمایہ کاروں، بینکروں، آئی ٹی پروفیشنلز، اور پاکستانی نژاد طلباء سے ملاقات کی۔

نیویارک میں واقع پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سرمایہ کاروں، بینکروں، آئی ٹی پروفیشنلز، اور پاکستانی نژاد طلباء سے ملاقات کی۔ انہوں نےچیمبر آف کامرس کے صدر مارک جیف سے بھی ملاقات کی۔مارک جیف نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں دلچسپی ظاہر کی اور نیویارک اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے چیمبر کی کوششوں کا وعدہ کیا۔ سفیر نے چیمبر کی پاکستان قونصل خانہ کے ساتھ تعاون کو سراہا اور مارک جیف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کراچی میں منعقدہ TEXPO 2024 میں دلچسپی لی۔ رضوان شیخ نے دیگر شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے کاروبار دوست ماحول اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے کردار پر زور دیا، اور پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسیوں اور اسٹریٹجک جغرافیائی مقام کو بھی اجاگر کیا۔ جہاں شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر دلچسپی ظاہر کی اور کاروبار کے چیلنجز پر بات کی۔ وہیں سفیر پاکستان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور متعلقہ شراکت داروں سے رابطے کی پیشکش کی۔ سفیر پاکستان نے طلباء کو اپنی تعلیمی کامیابیوں میں آگے بڑھنے، ثقافت سے جڑے رہنے اور پاکستان کی عالمی شناخت کو بہتر بنانے کی ترغیب دی۔ملاقات میں طلباء نے پاکستانی اداروں اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔ قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے بھی نوجوانوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں قونصل خانے کی حمایت کا عزم ظاہر کیا۔ملاقات کا اختتام پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

This post was originally published on VOSA.