
نیویارک:نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے برونکس میں واقع پریسنکٹ فورٹی کی نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کا افتتاح کردیا گیا۔نئی عمارت میں کمیونٹی روم اور جم وغیرہ کی بھی سہولتیں بھی دستیاب ہیں۔میئر ایرک ایڈمز،عبوری این وائی پی ڈی کمشنر کیتھ ڈونلن اور ڈپارٹمنٹ آف ڈیزائن اینڈ کنسٹرکشن کے کمشنر تھامس فولی نے ساؤتھ برونکس میں چالیسویں پریسنکٹ کے جدید اسٹیشن ہاؤس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ کمیونٹی سروسز کو بہتر بنانے اور علاقے میں عوامی تحفظ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ جدید سہولیات سے لیس نیا اسٹیشن ہاؤس 45,000 مربع فٹ پر مشتمل ہے اور پولیسنگ کے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس عمارت میں عوام کے لیے مخصوص جگہیں، تربیتی سہولیات، اور ماحول دوست ڈیزائن شامل ہیں، جو کمیونٹی اور پولیس کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔افتتاحی تقریب کے دوران میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی تحفظ اور کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسٹیشن ہاؤس نہ صرف ایک پولیس مرکز بلکہ ایک ایسا مقام ہوگا جہاں کمیونٹی کے افراد پولیس کے ساتھ تعاون اور مسائل کے حل کے لیے ملاقات کر سکیں گے۔کمشنر ڈونلن نے اس موقع پر کہا کہ یہ جدید اسٹیشن ہاؤس نہ صرف افسران کے کام کو آسان بنائے گا بلکہ کمیونٹی کے اعتماد کو بھی بڑھائے گا۔ انہوں نے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے میں جرائم کی روک تھام کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
This post was originally published on VOSA.