رقم حمزہ اکیڈمی کے نئے پروجکیٹ کی تعمیر پر استعمال کی جائے گی،نیویارک کے رہائشیوں نے دل کھول کر عطیات جمع کرائے،مزید رقم درکار،تقریب کے دوران حمزہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر احسن سید نے پروجیکٹ کو توسیع دینے کی ضرورت پر بریفنگ دی اور مکمل پلان حاضرین کے سامنے رکھا۔
نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک میں دینی و دنیاوی تعلیم کے جدید مرکز حمزہ اکیڈمی کے نئے پروجیکٹ کو توسیع دینے کے لئے فنڈریزنگ کی گئی۔ منصوبےکی تکمیل کے لیے پانچ اعشاریہ ایک ملین ڈالرز کی خطیر رقم درکار ہے۔ شرکاء نے دل کھول کر اپنے عطیات جمع کروادئیے۔ حمزہ اکیڈمی کے توسیعی منصوبے کی فنڈرزیزنگ کے لیے نیویارک کے مقامی ہال میں منعقدہ ایک شاندار اور پر وقار تقریب کا آغاز پرور دگار کے بابرکت کلام سے کیاگیا۔حمزہ اکیڈمی کے طالبعلم موسیٰ آفریدی اور محمد عثمان نے تلاوتِ قران پاک کا شرف حاصل کیا۔بعد ازاں طلبہ و طالبا ت پر مشتمل ایک گروپ نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا جس نے تقریب میں سماں باندھ دیا۔فنڈ رریزنگ میں سیاسی،سماجی اور کاروباری شعبہ سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حمزہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر احسن سید نے پروجیکٹ کو توسیع دینے کی ضرورت پر بریفنگ دی اور مکمل پلان حاضرین کے سامنے رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ طلباء کی تعداد اور موجودہ دور کے مطابق سہولتوں کی فراہمی کے لیے ضروری ہے اسکول کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک نئی عمارت تعمیر کی جائے۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک افراد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شریک ہوئے جس نے یہ ثابت کیا کہ مسلم کمیونٹی حمزہ اکیڈمی میں کس قدر دلچسپی رکھتی ہے۔ اس موقع پر کمسن بچوں نے اسماء حسنیٰ پیش کیے۔حاضرین بچوں کی ذہانت،تلفظ اور ادائیگی سے بہت متاثر ہوئے ۔فنڈ ریزنگ میں معروفِ عالم ِ دین مفتی محمد فرحان اور شیخ عبد الحکیم علی محمد بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ علماء کرام نے "ہمارے مستقبل” کے عنوان پر مفصل بیان کیا اور حمزہ اکیڈمی میں مسلمان بچوں کی دینی و ددنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر تربیت کو بھی سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ صرف عصرِ حاضر میں کامیابی حاصل کرلینا ہماری ترجیحات نہیں ہونی چاہیے بلکہ نئی نسل کو تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ ایک معاشرے کا ایک زمہ دار اور باکردار فرد بنانا بھی ہماری اولین زمہ داری ہے۔اس موقع پر شیخ عبد الحکیم علی محمد نے اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے کی اہمیت،فضیلت اور اجرو ثواب پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا جو کوئی بھی خالقِ خائنات کی راہ میں نیک نیتی سے خرچ کرتا ہے وہ پروردگار کی رحمت سے نعم البدل میں دس گنا زیادہ پاتا ہے۔اس موقع پر مسجد حمزہ کےصدر سرفراز احمد نے اسکول کے قیام کے اغراض و مقاصد اور نئی عمارت کی ضرورت سے متعلق آگاہ کیا اور شرکاء سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔حاضرین سے خطاب میں سرفراز احمد خاصے جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ حمزہ اکیڈمی کی نئی عمارت کی تعمیر آپ لوگوں کے تعاون کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔حمزہ اکیڈمی میں زیر تعلیم گریڈ سکس کی طالبہ نے امریکی معاشرے میں اسلامی اسکولوں کے قیام اور ضرورت پر دلائل سے بھرپور تقریر کی۔ طالبہ کا کہنا تھا کہ درس و تدریس اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حمزہ اکیڈمی کسی سے کم نہیں۔قبل ازیں تقریب کے آغاز پر اذان دی گئی اور شرکاء نے باجماعت نماز بھی ادا کی۔حمزہ اکیڈمی کی نئی وسیع و عریض اور کشادہ عمارت کی تعمیر کے لیے ساڑھے پانچ ملین ڈالر کی خطیر رقم درکار ہے،شرکاء نے دل کھول کر اپنے عطیات جمع کروائے اور اسکول کی تعمیر کو مکمل کروانے کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
This post was originally published on VOSA.