لیجس لیٹر کیری سولاجز مسلمانوں کی بڑی فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے مُعترف

لیجس لیٹرنے اکنا ریلیف کی سرگرمیوں سے متاثر ہوکر50ہزار ڈالرز کا امدادی چیک دیدیا،مسجدِ حمزہ  کے صدر سرفراز احمد اور  اکنا کے ترجمان  معوذ صدیقی نے انھیں بریفنگ دی،کیری سولاجز نے کہا کہ یہ صرف مسجد ہی نہیں بلکہ بہترین کمیونٹی اور کلچرل سینٹر ہے


نیویارک(بیورو  رپورٹ)نیویارک کی ناساؤ کاؤنٹی کے لیجس لیٹر کیری سولاجز نے امریکا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم اکناریلیف کی سرگرمیوں سے متاثر ہوکر پچاس ہزار ڈالر کا امدادی چیک پیش کردیا۔ناساؤ کاونٹی کے  لیجسلیٹر کیری سولاجز اسمبلی وومن مائیکل سولاجز کے ہمراہ ویلی اسٹریم میں واقع مسجدِ حمزہ میں اکنا کی فوڈ پینٹری کی تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے۔مسجدِ حمزہ کے صدر سرفراز احمد اور اکنا کے ترجمان معوذ صدیقی  نے انھیں بریفنگ دی۔ اس موقع پر کیری سولاجز نے مسجدِ حمزہ کی خدمات کو سراہتے  ہوئے کہا کہ یہ صرف مسجد ہی نہیں بلکہ بہترین کمیونٹی او رکلچرل سینٹر بھی ہے۔انھوں نے اکنا ریلیف کو 50 ہزار ڈالر کا  امدادی چیک پیش کیا جو معوذ صدیقی نے وصول کیا۔ لیجسلیٹر کیری سولاجز اور اسمبلی وومن مائیکل سولاجز کا کہنا تھا کہ اکنا ریلیف نے مشکلات میں گھری  کمیونٹی کی بلا تفریق خدمت کرکے مثال قائم کی ہے۔اس موقع پر مسجدِ حمزہ کے صدر سرفراز احمد اور اکنا کے معوذ صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم مسلم کمیونٹی کے تعاون سے کئی سالوں سے فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں لیکن یہ پہلی بار ہے کہ سرکاری گرانٹ ملی ہے،تمام رقم  ضرورت مندوں پر شفافیت  کے ساتھ خرچ کی جائے گی۔چیک دینے کی تقریب میں مسجدِ حمزہ کے مولوی یعقوب اور شکیل بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گرانٹ ملنا مسجدِ حمزہ اور اکنا ریلیف پر اعتماد کا اظہار ہے۔اس موقع پر کیری سولاجز مسجدِ حمزہ کا جم دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور ایکسر سائز بھی کی۔

This post was originally published on VOSA.