نیویارک کے شہری ہمارے دل کی دھڑکن ہیں،  ایرک ایڈمز

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ شہری ہمارے دل کی دھڑکن ہیں، اور ان کے خدشات سننا اور ان کے سوالات کے جوابات دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔

یہ بات ایڈمز نے ایک امریکی چینل پر لائیو انٹرویو کے دوران کہی جہاں انہوں نے شہر میں جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لیے پولیس فورس کے ساتھ تعاون بڑھانے، سستی رہائش کے منصوبے شروع کرنے، اور مقامی کاروباروں کی بحالی پر بھی زور دیا۔ پروگرام کے دوران، شہریوں نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن میں عوامی تحفظ، بے گھر افراد کا مسئلہ، رہائشی بحران اور گرتی ہوئی معیشت کے اثرات شامل تھے۔ میئر ایڈمز نے تفصیل سے بتایا کہ ان کی انتظامیہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ ایڈمز نے اس دوران شہر کی معیشت پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ شہریوں کو درپیش مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے نئے اقدامات کر رہی ہے اور بے گھر افراد کے لیے عارضی پناہ گاہوں کو مزید مستحکم بنانے اور ان کے لیے طویل مدتی رہائش کے مواقع فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ شہر کے ہر شعبے میں شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔ میئر ایڈمز نے کہا، نیویارک کے شہری ہمارے دل کی دھڑکن ہیں، اور ان کے خدشات سننا اور ان کے سوالات کے جوابات دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمیں مل کر ان مسائل پر کام کرنا ہوگا تاکہ ہمارا شہر مزید مضبوط اور خوشحال بن سکے۔

This post was originally published on VOSA.