نیویارک میں شبِ معراج کا روح پرور اجتماع

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم  آفیسر سوسائٹی  کے زیر اہتمام شبِ معراج کی مناسبت سے روح پر ور اجتماع منعقد کیا گیا۔ علما کرام نے شرکاٗ کو تاکید کہ دن میں کچھ وقت قران اور سیرت النبی کو  پڑھنے اور سمجھنے کے لیے ضرور نکالیں۔

نیویارک (نمائندہ خصوصی )شب ِ معراج پر مسلم آفیسرز سوسائٹی نے اپنے اسپانسرز  کے تعاون سے لانگ آئی لینڈ میں واقع مسجدِ حمزہ میں روح پرور اجتماع منعقد کیا۔ سیشن کے آغاز پر مولانا کاشف نے رسول اللہ ﷺ کے واقعہِ معراج پر تفصیلی روشنی  ڈالی۔اس موقع  پر  خطاب کرتے ہوئے نیو یارک پولیس میں مسلمان چیپلن امام طاہر کا کہنا تھا کہ  شبِ معراج محض ایک واقعہ نہیں بلکہ پروردگار کا معجزہ ہے۔ رسولِ خُدا ﷺ کی تمام زندگی کا ہر پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ہمیں اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔اجتماع میں نہ صر ف مسلمان پولیس افسران  بلکہ سیاسی ،سماجی اور کاروباری حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ظہر کی نماز سے قبل وقفہ ہوا۔ اس دوران ایک نوجوان نے نشید پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ اجتماع میں ذہنی سکون، امید اور مضبوط اعتقاد کے عنوان پر بھی ایک سیشن منعقد ہوا جس سے معروف عالم ِ دین اور اسکالر مفتی فرحان نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ہم سب اتنے مصروف ہوگئے ہیں کہ خود کے لیے بھی وقت نہیں، دن میں کم از کم اتنا وقت ضرور نکالیں کہ کچھ  وقت قران پا ک کی تلاوت اور سیرت النبی کا مطالعہ کریں، یہ عمل ہماری زندگی کو یکسر تبدیل کردے گا۔اس موقع پر حاضرین نے  علماٗ کرام سے سوالات بھی کیے ۔اجتماع کے شرکا کے لیے  حلال بروس نے ظہرانہ اور کباب جیز نے  عشائیہ کا انتظام کیا۔ حلال بروس ریسٹورانٹ کے اونر سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ بابرکت شب میں  یہ اہتمام ہمارے لیے قابلِ اعزاز ہے۔قبل ازیں معروف عالمِ دین مفتی سمیع  نے مسلمان پولیس افسران کو در پیش چیلنجز پر اظہارِ خیال  کیا۔آخر میں امتِ مسلمہ  کی ترقی  و خوشحالی ، کامیابی اور دنیا بھر میں امن و امان کے قیا م کے لیے دعا  کروائی گئی۔

This post was originally published on VOSA.