
نمل اسکالر شپ کلب یو ایس اے نے نمل یونیورسٹی کے لیے نیویارک میں فنڈ ریزنگ ڈنر منعقد کیا ۔تقریب میں عمران خان کی تصویر اور بلا بھی نیلا م کیا گیا۔
نمل اسکالر شپ کلب یو ایس اے کے زیرِ اہتمام لانگ آئی لینڈ کے نجی ہوٹل میں نمل یونیورسٹی کے طلباٗ کو اسکالر شپس دینے کے لئے منعقدہ فنڈ ریزنگ ڈنرکا ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوئی ۔فنڈ ریزنگ کے چیف آرگنائزر تصور احسن اور ان کی اہلیہ نے مہمانِ خصوصی سینیٹر ولید اقبال، سجاد برکی اور مشہور فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کی آمد پر خیر مقدم کیا اور گلدستے پیش کیے۔شرکاٗ سے خطاب میں تصور احسن نے 15 ہزار جبکہ احمد خان نے اپنی فیملی کی طرف سے 20 ہزار ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صدقہ ، خیرات اور عطیات اللہ تعالیٰ سے وہ تجارت ہے جس میں کبھی خسارہ نہیں ہوتا۔ہوسٹ کمیٹی میں شامل پرویز ریاض، ضمیر چودھری، خاور بیگ، شاید وڑائچ اور عثمان چودھری نے بھی شرکا کو ضرورت مند طلبا کے لیے اسکالر شپ کا خرچہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے اخراجات میں تھوڑی کمی اور ایثار کا مظاہرہ کریں تو ایک طالب علم کی تعلیم کا خرچہ اٹھا یا جاسکتا ہے۔ فنڈ ریزنگ ڈنر میں عمران کی تصویر اور ان کا دستخط شدہ بلا بھی نیلام کیا گیا ۔ ہوسٹ کمیٹی کے دیگر ارکان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کا خواب عمران خان نے نمل یونیورسٹی کی شکل میں پورا کر دکھایا، تعلیم کی تمام مسائل کا حل ہے،ہم سب کو مادرِ وطن کا حق ادا کرنا چاہیے ۔مہمان خصوصی سجاد برکی اور سینیٹر ولید اقبال نے نمل یونیورسٹی کے اب تک کی کارکرگی حاضرین کے سامنے رکھی،شرکاٗ کو بتایا گیا کہ ایک طلبا کی تعلیم کا سالانہ خرچہ 3500 ڈالر جبکہ چار سالہ پروگرام کے اخراجات 14 ہزار ڈالر ہیں ،یہ یونیورسٹی پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ہے،اگر جذبہ ہو تو یہ تعلیمی اخراجات برداشت کرنا مشکل نہیں۔ تقریب میں شریک پاکستان کی مشہور فیشن ڈیزانر ماریہ بی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ حاضرین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی ، اچھے مقصد کے لیے ہمیشہ کوشش کرنی چاہیے، تعلیم صرف ایک شخص کی نہیں بلکہ خاندان کی تقدیر بدل دیتی ہے ۔ فنڈ ریزنگ ڈنر میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے نمل یونیورسٹی کے طلباکی اسکالرشپس کے لیے دل کھول کر اپنے عطیات جمع کروائے۔ کاروباری و سماجی شخصیت شازیہ وٹو نے 10 طلباٗ کی اسکالر شپ کی زمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا ۔۔آخر میں گلوکارہ شازیہ منظور کی جاندار پرفارمنس نے حاضرین کا لہو گرمایا۔
This post was originally published on VOSA.