
نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر کمیونٹی افیئرز یونٹ اور دفتر برائےایتھنک و کمیونٹی میڈیا کے اشتراک سے مسلم میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک خصوصی راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کیا۔ احوال اس رپورٹ میں
رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اس نشست کا مقصد مسلم کمیونٹی کے مسائل، ضروریات اور ان کے حل کے لیے شہر کی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔میئر نے مسلم کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیو یارک میں مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی میں مسلم برادری ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم کمیونٹی کی آواز کو سننا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنا ان کی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔میئر ایرک ایڈمز نے اجلاس کے دوران اپنی مئیرشپ کے دوران کیے گئے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی اور شہر میں کنجیشن فیس کے حوالے سے شرکاء کے ساتھ گفتگو کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر انہیں دوبارہ میئر منتخب کیا گیا تو وہ شہر کی مزید ترقی اور بہتری کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔اس راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں مختلف مسلم میڈیا اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اپنے تجربات و تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے میئر اور ان کی ٹیم کے ساتھ کھل کر گفتگو کی اور مستقبل میں بہتر تعاون اور روابط کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔میئر کے دفتر برائے ایتھنک و کمیونٹی میڈیا کی ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کی نشستیں مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید پروگرامز منعقد کیے جائیں گے تاکہ تمام برادریوں کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کیے جا سکیں۔
This post was originally published on VOSA.