تارکین وطن نیویارک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ایرک ایڈمز

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ تارکین وطن نیویارک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بات ایڈمز نے امریکی ایوان نمائندگان کی اوور سائٹ اور گورنمنٹ ریفارم کمیٹی کے سامنے دوران بیان کہی جہاں انہوں نے سینکچری سٹی پالیسی اور شہری تحفظ پر بھی زور دیا۔ میئر نے کہا نیویارک میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، اور حالیہ مہینوں میں سنگین جرائم میں دوہرے ہندسوں کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینکچری سٹی کا مطلب جرائم پیشہ افراد کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں، بلکہ شہر تمام قوانین کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔ ایڈمز نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن نیویارک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، مہاجرین اربوں ڈالر کے ٹیکس اور اخراجات کے ذریعے شہر کی ترقی میں معاونت کر رہے ہیں، جبکہ کووڈ-19 کے دوران بھی انہوں نے اہم خدمات انجام دیں۔ ایڈمز نے مزید کہا کہ امیگریشن قوانین میں بہتری ناگزیر ہے۔ ایڈمز نے کہا کہ 330 سے زائد نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ افسران وفاقی مشترکہ ٹاسک فورسز میں کام کر رہے ہیں، جن میں سے 70 سے زائد ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ساتھ جرائم کی روک تھام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیویارک سٹی انتظامیہ شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام قوانین کی پاسداری جاری رکھے گی۔

This post was originally published on VOSA.