
نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں واقع المہدی اسلامک سینٹر میں سجنی کمیونٹی کے زیر اہتمام ایک باوقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی مکھی خاندان کی جانب سے فیروز مکھی نے کی، جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی اراکین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر عالم دین نے قرآن مجید کی اہمیت اور رمضان المبارک میں اس کی تلاوت کے فضائل پر مفصل گفتگو کی۔
صدر المہدی اسلامک سینٹر حسنین عزیز نے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے معزز مہمانوں کو حاضرین سے متعارف کرایا اور افطار تقریب کی کامیابی میں ان کے تعاون کو سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ناساؤ کاؤنٹی کمیشن آف ہیومن رائٹس کے کمشنر زاہد سعید تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ٹاؤن ایشیائی، مسلم اور ہسپانوی کمیونٹیز کی نمائندگی کرتا ہے، اور ان کا کام مختلف کمیونٹیز کے مابین ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے مشترکہ پروگرام ترتیب دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ المہدی سینٹر کی مدد سے مختلف کمیونٹی سروسز جیسے اسکول اور فوڈ ڈرائیوز کا انعقاد کیا گیا، جب کہ گزشتہ سال ایک عظیم الشان گرینڈ افطار بھی منعقد ہوا تھا۔زاہد سعید نے المہدی سینٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں سال 2025 کے لیے کمیونٹی شراکت داری کی سائیٹیشن بھی پیش کی، جسے شرکاء نے بھرپور پذیرائی دی۔اس موقع پرآفس آف دی ایشین امریکن افیئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عون نقوی نے ناساؤ کاؤنٹی میں ہونے والے نمایاں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے امریکہ کی بڑی افطار تقریبات میں سے ایک کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا ہے، جس میں المہدی سینٹر اور حسنین عزیز کی خدمات کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ جبکہ ناساؤ کاؤنٹی کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ یوم حسینؑ منایا گیا، جو کمیونٹی کے اتحاد اور جذبہ اخوت کی علامت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ناساؤ کاؤنٹی کی قیادت مسلم سمیت تمام کمیونٹیز کی خدمت کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔افطار کے وقت سب نے مل کر روزہ افطار کیا اور باجماعت نمازِ مغرب ادا کی۔ بچوں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، جس نے تقریب کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ اس روح پرور اجتماع نے کمیونٹی میں اتحاد، محبت اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیا۔
This post was originally published on VOSA.