نیویارک: اسکولوں میں 16 نئے ذہنی صحت کلینکس کا افتتاح

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پبلک اسکولز چانسلر میلیسا ایویلسراموس نے مینٹل ہیلتھ ویک کے دوران شہر کے 16 نئے اسکولوں میں ذہنی صحت کلینکس کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔

 میئر ایڈمز اور اسپتالوں کے صدر ڈاکٹر مچل کیٹز نے کہا اس اقدام کا مقصد برونکس اور بروکلین کے 6 ہزار سے زائد طلبہ کو ذہنی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یہ کلینکس نیویارک سٹی ہیلتھ کے تحت کام کریں گے اور طلبہ کو انفرادی، خاندانی، اور گروپ تھراپی سمیت بحران کے دوران مدد فراہم کریں گے۔ میئر نے کہا اساتذہ اور اسکول کا عملہ بھی ان مراکز سے تربیت حاصل کر سکے گا تاکہ ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے میں طلبہ کی مؤثر مدد کی جا سکے۔ یہ اقدام ایڈمز انتظامیہ کے 5 ملین ڈالر کے مینٹل ہیلتھ کنٹینیوم منصوبے کا حصہ ہے، جس میں نیویارک سٹی محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 50 اسکولوں میں 20 ہزار سے زائد طلبہ کو ذہنی صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ایڈمز انتظامیہ نے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دی ہے، جس میں نیویارک ٹین اسپیس جیسی مفت ٹیلی مینٹل ہیلتھ سروسز اور سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی شامل ہے، جو نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل بڑھانے کا سبب بن رہی ہیں۔ ساتھ ہی شہر اپنے ہیلتھی این وائے سی منصوبے کے تحت ذہنی صحت کی خدمات کی توسیع اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

This post was originally published on VOSA.