
مین ہٹن(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ایک نامعلوم شخص 14 سالہ لڑکے کو آنکھ کے اوپر چاقو مار کر فرار ہوگیا۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ رات 7 بجے کے قریب مین ہٹن کے علاقے مڈ ٹاؤن کے ویسٹ 44 اسٹریٹ اور ایٹھ ایونیو کے قریب پیش آیا، جو تھیٹر ڈسٹرکٹ اور سیاحوں کی آمد و رفت کے لحاظ سے ایک گنجان علاقہ ہے۔ پولیس کے مطابق، نوجوان کو بائیں آنکھ کے اوپر چاقو مارا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر بیلویو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ حملے کے محرکات یا پس منظر سے متعلق فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔ عینی شاہدین اور سیکیورٹی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش شروع کر دی ہے۔ حملہ کرنے والے دو افراد تھے، جن میں سے ایک نے کالے اور سرخ رنگ کی ہوڈی سویٹ شرٹ اور اسکی ماسک پہنا ہوا تھا، جبکہ دوسرا مکمل سیاہ لباس اور اسکی ماسک میں ملبوس تھا۔ دونوں جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، اور پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ مقامی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
This post was originally published on VOSA.