
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے رہائشی اور اس کے پالتو کتے پر دو بڑے کتوں نے حملہ کر دیا۔ واقعے میں شہری شدید زخمی جبکہ چھوٹا کتا ہلاک ہو گیا۔
نیوجرسی کے علاقے مونٹ ویلی میں ایک افسوسناک اور تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شہری اپنے پالتو کتے کو چہل قدمی کے لیے لے جا رہا تھا کہ اچانک دو بڑے کتوں نے حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران شہری زخمی ہو گیا، جبکہ اس کا چھوٹا کتا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، متاثرہ شخص قوتِ سماعت اور گویائی سے محروم ہے اور شام کو وہ اپنے چھوٹے مالٹیز کتے کے ساتھ ٹہل رہا تھا جب ایک پِٹ بل اور جرمن شیفرڈ عقب سے آئے اور چھوٹے کتے پر حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران کتے کی چیخ و پکار سن کر ایک مقامی رہائشی باہر نکلا تو دونوں بڑے کتے چھوٹے کتے کو بری طرح کاٹ رہے تھے۔ حملے میں انسان بھی محفوظ نہ رہ سکا اور اس کے ہاتھ پر بھی کاٹنے کے نشانات آئے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک بڑا کتا پِٹ بل، عارضی طور پر ایک خاتون کے زیرِ پرورش تھا اور کسی طرح وہ دونوں کتے اس کے گھر کے باڑ سے باہر نکل آئے۔ خاتون فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی، زخمی کتے کو اٹھایا اور پولیس کار میں لے گئی، لیکن شدید زخموں کے باعث چھوٹا کتا جانبر نہ ہو سکا۔ جرمن شیفرڈ موقع پر ہی موجود رہا جبکہ پِٹ بل بھاگ گیا، لیکن بعد میں اسے بھی پکڑ لیا گیا۔ مقامی افراد اس واقعے کے بعد پریشان ہیں اور کہتے ہیں کہ ایسی صورتحال میں تمام پالتو جانوروں کی حفاظت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی اور واقعہ پیش نہ آئے۔ پولیس نے دونوں کتوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ وہ کس طرح باہر نکلے اور آیا کوئی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی یا نہیں۔
This post was originally published on VOSA.