
ناساؤ کاؤنٹی آفس آف ایشین امریکن افیئرز اور امریکن پنجابی سوسائٹی کے زیر اہتمام ناساو کاؤنٹی ایگزیکٹیو بلڈنگ میں ویساکھی فیسٹیول کی ایک خوبصورت اور رنگارنگ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پنجابی دیسی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا گیا اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے تہوار کی رونقوں کو دوبالا کر دیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض ناساو کاؤنٹی آفس آف ایشین امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز ناساو کاؤنٹی پولیس ایکسپلورر کلر گارڈ کی جانب سے سلامی سے ہوا، جس کے بعد حاضرین نے امریکہ کا قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیک مین اور امریکن پنجابی سوسائٹی کے فاؤنڈر ہیری سنگھ بھولا تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہیری سنگھ بھولا اور سوسائٹی کے صدر گیری سکھا نے ویساکھی کو ایک عالمی تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار نہ صرف بہار کی آمد کی خوشی مناتا ہے بلکہ محبت، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کا بھی مظہر ہے۔تقریب میں ناساو کاؤنٹی کے سرکاری افسران، نارتھ ہیمپسر کی ٹاؤن سپروائزر جینیفر ڈی سینا، ناساؤ کاؤنٹی کنٹرولر الین فلپ، اور ناساؤ کاؤنٹی لیجسلیٹر ٹام میک کارڈ سمیت کئی اہم عوامی نمائندے شریک ہوئےاوراس تہوار میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عون نقوی کا کہنا تھاکہ ویساکھی دنیا بھر میں منایا جانے والا ایک خوبصورت تہوار ہے جو امن، محبت اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ ہم نے یہ تہیہ کیا ہے کہ اس تہوار کی خوبصورتی کو ناساؤ کاؤنٹی میں بھی اجاگر کیا جائے تاکہ مختلف کمیونیٹیز کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے ناساؤ کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جن کی مکمل سپورٹ سے اس شاندار تقریب کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ فیسٹیول میں کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے تقریب ایک بھرپور عوامی جشن کی صورت اختیار کر گئی۔تقریب کے اختتام پرایونٹ کے منتظمین اور مہمان خصوصی کو سائیٹیشنز بھی پیش کی گئیں ۔یہ فیسٹیول نہ صرف پنجابی ثقافت کی نمائندگی کا خوبصورت مظہر تھا بلکہ کثیرالثقافتی ہم آہنگی اور کمیونٹی کے اتحاد کی ایک بہترین مثال بھی ثابت ہوا۔
This post was originally published on VOSA.