ارتھ ویک پر مئیر نیویارک کا 42.3 ملین ڈالر کا منصوبہ

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ارتھ ویک کی مناسبت سے ایک اہم اقدام کے تحت بروکلین کے ایسٹ فلیٹ بش اور کینرسی علاقوں میں 42.3 ملین ڈالر کے حفاظتی منصوبے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق،  یہ منصوبے سیلاب، شدید بارشوں اور دیگر ماحولیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے بنائے گئے تھے تاکہ مقامی کمیونٹیز کو زیادہ محفوظ اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار بنایا جا سکے۔اس منصوبے کے تحت تقریباً 1,200 نئے سسٹمز لگائے گئے ہیں، جن میں 906 انفلیٹریشن بیسنز اور 291 رین گارڈنز شامل ہیں جو سالانہ تقریباً 122.5 ملین گیلن بارش کا پانی جذب کر سکتے ہیں۔ رین گارڈنز اور انفلیٹریشن بیسنز گلیوں کے کنارے ایسے نظام ہیں جو بارش کا پانی زمین میں جذب کرتے ہیں تاکہ نکاسی آب کے نظام پر بوجھ نہ پڑے اور سیلاب سے بچا جا سکے۔ ان میں ہر ایک رین گارڈن 2,500 گیلن تک پانی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی شہر نے دونوں علاقوں میں 223 نئے درخت بھی لگائے ہیں جو نہ صرف سایہ فراہم کریں گے بلکہ درجہ حرارت میں بھی کمی لائیں گے۔ یہ منصوبہ نیویارک کے سب سے زیادہ گرمی زدہ علاقوں میں سے دو میں مکمل کیا گیا ہے، اور یہ نہ صرف سیلاب سے تحفظ فراہم کرے گا بلکہ ماحول کو بھی بہتر بنائے گا۔ شہر کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نیویارک کے لوگوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ میئر ایڈمز کی جانب سے طوفانی پانی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے شروع کیے گئے 12.3 ارب ڈالر کے دس سالہ کیپیٹل پلان کا حصہ ہے، جس میں سیور سسٹم کی بہتری اور گرین انفراسٹرکچر جیسے منصوبے شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبے نقصان کے خطرات کو سات گنا تک کم کر دیتے ہیں۔

This post was originally published on VOSA.