
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھائے بھارتی آبی جارحیت ،دہشت گردی اور جنگی عزائم کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پیرس کی فضائیں پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی ،ایفل ٹاور کے سامنے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعر ے بازی کی گئی،، پوری دنیا سے آئے ہوئے سیاحوں کی کثیر تعداد نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو دیکھ کر تالیاں بجاکر مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔مظاہرے میں پیرس میں مقیم پاکستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے سیاسی ،لسانی تعصب سے بالاتر ہوکر شرکت کی۔اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سیکورٹی بھی تعینات تھی ۔پیرس میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ کی سب سے بڑی انفرادیت یہ تھی کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا کوئی پرچم نہیں لہرایا گیا بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں اور کارکنان نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا عملی مظاہرہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بھارت کی کسی قسم کی جارحیت اور جنگی عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ شرکا نے عزم کیا کہ وہ زرمبادلہ زیادہ مقدار میں بھیج کر پاکستان کو معاشی و اقتصادی اور دفاعی لحاظ سے زیادہ مضبوط بنائیں گے۔دو گھنٹے سے زائد وقت تک ایفل ٹاور پیرس کی فضاؤں میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، آرگنائزرز صاحبزادہ عتیق الرحمن ، نعیم چوہدری ، عصمت اللہ تارڑ ، چوہدری منیر وڑائچ ، یاسر قدیر ، ملک عابد ، سردار ظہور اقبال ، زاہد ہاشمی ، چوہدری اعجاز جٹ ، محمد قادر نے تمام حاضرین سے اظہار تشکر کیا اور بعدازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
This post was originally published on VOSA.