پاک بھارت کشیدگی ،مارکو روبیو کا جنرل عاصم منیر سے رابطہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے موجودہ صورتحال میں تعمیری تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اس بات کی تصدیق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھی کی ہے۔

ترجمان ٹیمی بروس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جنرل عاصم منیر کے درمیان گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں روبیو نے خطے میں قیام امن کے لیے امریکہ کی جانب سے تعمیری کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ روبیو نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے ممکنہ راستے تلاش کریں اور مستقبل میں تصادم سے بچنے کے لیے تعمیری مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔اس کے علاوہ، مارکو روبیو نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت سے جاری حالیہ کشیدہ صورتحال پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکہ خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور اگر دونوں ممالک رضامند ہوں تو امریکہ تعمیری مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے، اس لیے سفارتی کوششوں کو فوری تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

This post was originally published on VOSA.