کیلیفورنیا اور نیواڈا میں لیسٹیریا انفیکشن، 10 افراد متاثر

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا اور نیواڈا میں خطرناک بیکٹیریا لیسٹیریا انفیکشن کے باعث کم از کم 10 افراد متاثر ہوئے ہیں، جنہیں فورا اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے این بی سی نیوز کے مطابق متاثرہ افراد نے کیلیفورنیا میں قائم کمپنی فرنینڈو "فریش اینڈ ریڈی فوڈز ایل ایل سی” کے تیار شدہ کھانے استعمال کیے تھے جنہیں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) نے فورا واپس منگوا لیا ہے۔ کمپنی نے 80 سے زائد مصنوعات کو رضاکارانہ طور پر واپس منگوا لیا ہے، جن میں سینڈوچ، اسنیک باکسز اور پاستا شامل ہیں۔ یہ اشیاء مختلف برانڈز کے تحت ایریزونا، کیلیفورنیا، نیواڈا اور واشنگٹن میں اسپتالوں، ہوٹلوں، دفاتر، اسٹورز اور ایئرپورٹس پر تقسیم کی گئی تھیں۔ واپس بلائی گئی اشیاء کی معیاد 22 اپریل سے 19 مئی کے درمیان تھی۔ ایف ڈی اے کے مطابق، ابتدائی طور پر 2024 میں تحقیقات کی گئی تھیں لیکن واضح شواہد نہ ملنے پر کیس بند کر دیا گیا تھا۔ اپریل 2025 میں معمول کے معائنے کے دوران کمپنی کی فیکٹری سے لیسٹیریا کے نمونے ملنے کے بعد تحقیقات دوبارہ بحال کی گئیں۔ متاثرہ 10 کیسز میں سے آٹھ کیلیفورنیا اور دو نیواڈا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے متاثرہ اشیاء کو فوری طور پر ضائع کرنے اور کھانے کے برتن و سطح کو اچھی طرح صاف کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ خاص طور پر حاملہ خواتین، بزرگ اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ بخار، دست یا جسم میں درد جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر طبی مدد حاصل کریں۔

This post was originally published on VOSA.