اسٹاربکس ملازمین کا نئے ڈریس کوڈ کے خلاف احتجاج

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی معروف کافی ہاؤس چین اسٹاربکس کے 2,000 سے زائد ملازمین  نے نئے ڈریس کوڈ کے خلاف امریکا بھر میں احتجاج کیا۔ 

یونین کے مطابق، اب تک امریکا بھر کے 120 اسٹورز پر 2,000 سے زائد ملازمین  ہڑتال کر چکے ہیں۔ کمپنی نے ڈریس کوڈ میں نئی پابندیاں نافذ کی ہیں جن کے تحت امریکا اور کینیڈا میں کمپنی اور لائسنس یافتہ اسٹورز کے ملازمین کو سبز اپرن کے نیچے سادہ سیاہ شرٹ اور خاکی، سیاہ یا نیلی جینز پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ملازمین کو گہرے رنگوں اور مختلف ڈیزائن والی شرٹس پہننے کی اجازت تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ضوابط کا مقصد اسٹورز میں زیادہ مانوس اور خوشگوار ماحول پیدا کرنا ہے لیکن یونین نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈریس کوڈ میں تبدیلی اجتماعی گفت و شنید کے بغیر کی گئی ہے۔ یونین نے نیشنل لیبر ریلیشنز بورڈ میں شکایت بھی دائر کی ہے جبکہ اسٹار بکس کا کہنا ہے کہ احتجاج کا اثر محدود رہا ہے اور ملک بھر میں 99 فیصد اسٹورز بدستور کھلے رہے ہیں۔ اسٹار بکس اور یونین کے درمیان 2021 سے جاری تنظیمی عمل کے باوجود اب تک کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔

This post was originally published on VOSA.