
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے میڈیسن اسکوائر گارڈن اسپورٹس اور نیویارک نِکس کے تعاون سے مین ہٹن کی مختلف سڑکوں کو عارضی طور پر نِکس کے کھلاڑیوں کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق یہ اقدام 2025 کے ایسٹرن کانفرنس فائنلز میں نِکس کی کامیابی کے موقع پر کیا گیا ہے اور یہ نام پورے پلے آف سیزن تک برقرار رہیں گے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے کمشنر یڈانِس روڈریگز کا کہنا ہے کہ ہر سائن پر متعلقہ کھلاڑی کا نام اور جرسی نمبر نمایاں کیا گیا ہے جو سڑک کے مقام کے مطابق منتخب کیا گیا ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ نِکس نیویارک کی طاقت اور جذبے کی علامت ہیں اور ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے شہر کی سڑکوں پر ان کے نام رکھے جا رہے ہیں تاکہ پورا شہر ان کی کامیابیوں کا جشن منا سکے۔ کمشنر رودریگیز نے کہا کہ نِکس کی کامیابی پوری نیویارک کی کامیابی ہے اور یہ اقدامات شائقین کے جوش کو مزید بڑھائیں گے۔ میڈیسن اسکوائر گارڈن اسپورٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر جماعل لیسانے نے کہا کہ یہ وقت نِکس اور ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے اور پلے آف کے دوران مزید پروگرامز کے ذریعے ٹیم شائقین کو جوڑے گی۔ عارضی طور پر لگائے گئے سٹریٹ سائنز میں جالن برنسن بلیوارڈ، پریسیئس اچیووا پلیس، او جی انونوبی ایلی، مائیکل برجس بلاک اور دیگر کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ نیویارک نِکس آج رات انڈیانا پیسرز کے خلاف ایسٹرن کانفرنس فائنلز میں حصہ لے گا جبکہ ٹیم نے حال ہی میں بوسٹن سیلٹکس اور ڈیٹرائٹ پسٹونز کو شکست دی ہے۔ یہ عارضی سائنز پورے شہر میں موجود رہیں گے جب کہ مستقل تبدیلی کے لیے نیویارک سٹی کونسل کی منظوری ضروری ہے۔ نیویارک کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کا سائن شاپ سالانہ لاکھوں سائنز تیار کرتا ہے جو شہر بھر کی سڑکوں پر نصب کیے جاتے ہیں۔
This post was originally published on VOSA.