نیویارک: نِکس پلے آف سے شہر کو 832 ملین ڈالر کا فائدہ متوقع

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے انکشاف کیا ہے کہ نیویارک نِکس کی 2025 این بی اے پلے آف مہم سے شہر کے پانچوں بوروز کو مجموعی طور پر 832 ملین ڈالر کا معاشی فائدہ متوقع ہے۔

نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کے مطابق، اب تک نِکس کے ہوم پلے آف میچز سے 195 ملین ڈالر کا فائدہ ہو چکا ہے۔ حکام کے مطابق ہر اضافی ہوم گیم سے شہر کو 91 ملین ڈالر کی آمدنی متوقع ہے جس سے مقامی کاروباروں کو فروغ اور نوکریوں کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ نِکس نہ صرف شہر کے جوش و جذبے کو بڑھا رہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی سہارا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل بکنگ، ٹکٹ، ٹیم کی مصنوعات اور مقامی بارز میں خریداری سب نیویارک کی معیشت کو فائدہ دے رہی ہیں۔ میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شہر بھر میں نِکس کے کھلاڑیوں کے نام پر عارضی طور پر سڑکوں کے نام بھی رکھے جا رہے ہیں جو پلے آف کے اختتام تک برقرار رہیں گے۔ NYCEDC کی رپورٹ میں ٹکٹوں، ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ، اور دیگر سرگرمیوں سے ہونے والی آمدنی کا جائزہ لیا گیا ہے، اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر ٹیم فائنل تک پہنچتی ہے تو اقتصادی اثر مزید بڑھ سکتا ہے۔