
امریکہ نے پاکستان کی اسمگل شدہ 23ملین ڈالرز کے نوادرات پاکستان کو واپس کردئیے، یہ نوادرات پاکستان کی گندھارا اور وادی سندھ کی تہذیب سے کا حصہ ہیں ۔
پاکستان کی ہزاروں سال پرانی تہذیب کے غیر قانونی طور پر اسمگل شدہ نوادرات امریکا نے پاکستان کو واپس کردئیے ہیں ، یہ نوادارت بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک سے برآمد کئے گئے تھے ۔اس سلسلے میں نیویارک میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے اشتراک سے پاکستان کی گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے ورثے کی نمائش کا انعقاد کیا ،نمائش میں 40 نایاب گندھارا تہذیب اور وادی سندھ کے فن پارے شامل تھے ، اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ گندھارا تہذیب کا دنیا کے مختلف خطوں اثر ہے، گندھارا تہذیب میں امن اور مکالمے کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔
نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل احمداتوزئی نے اسمگل شدہ نوادرات کی برآمدگی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوادرات ہمارا اہم ثقافتی ورثہ ہے ۔ مین ہٹن کےاسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی میتھوبوگڈینس نے کہا پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثہ اور قیمتی نوادرات کی واپسی پر بہت خوشی ہے ، ہم اب تک اسمگلروں سے لاکھوں ڈالر کے نوادرات برآمد کرچکے ہیں۔
ثقافتی نمائش میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل عمر شیخ نے پاکستان کی ثقافت ، کلچر اورمختلف تہذیبوں پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گندھارا تہذیب پاکستان کا اہم اثاثہ ہے ۔اس موقع پرمختلف تہذیبوں پر مبنی ڈاکومینٹری بھی دیکھائی گئی ، نمائش میں نوادرات دیکھنے کے لئے پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔