ایڈمز کا موسم گرما کے لیے سیکورٹی پلان جاری

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے موسم گرما کے لیے خشکی، فضا اور سمندر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مربوط بنانے کے لیے پلان جاری کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق اس منصوبے کا مقصد عوام کو پرامن، محفوظ اور صحت مند موسم گرما فراہم کرنا ہے۔ نئی حکمت عملی کے تحت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے 1,500 سے زائد اہلکاروں کو شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا ہے، خاص طور پر شام کے اوقات میں جب جرائم کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ پولیس نے شور و غل، غیر قانونی گاڑیوں، پارکنگ کی خلاف ورزیوں اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک نیا "کوالٹی آف لائف ڈویژن” بھی تشکیل دیا ہے۔ ساتھ ہی سب وے، ساحلوں اور فضائی نگرانی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ایڈمز نے کہا ٹریفک اور ڈرائیونگ کے حوالے سے نشے میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہر بھر میں آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ شدید گرمی کے پیش نظر "بیٹ دی ہیٹ” مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کو کولنگ سینٹرز، لائبریریوں اور دیگر ایئر کنڈیشنڈ مقامات پر پناہ لینے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ عوام کو موسم کی صورتحال سے باخبر رکھنے کے لیے "نوٹیفائی نیویارک سٹی” ایپ کے استعمال کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ ساحلی علاقوں میں لائف گارڈز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے،جبکہ شارک مانیٹرنگ اور واٹر ریسکیو کے لیے ڈرونز کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ریسکیو کشتیوں کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔ فائر سیفٹی کے حوالے سے شہریوں کو گیس گرلز کے استعمال سے قبل جانچ پڑتال کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ غیر قانونی آتشبازی، کھلے ہائیڈرنٹس کے استعمال، اور ممنوعہ فائر پلیسز پر بھی پابندی کی یاد دہانی کروائی گئی ہے۔ نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لیے کمیونٹی سینٹرز اور اسکولز کے مخصوص مقامات کو رات 11 بجے تک کھلا رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ انہیں مثبت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ مشترکہ کوشش شہریوں کو ایک محفوظ، منظم اور خوشگوار موسم گرما فراہم کرنے کی غرض سے کی جا رہی ہے جس میں تمام سرکاری ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

This post was originally published on VOSA.