امریکا: اسٹاک ٹریڈنگ اسکینڈل، 5 افراد پر فرد جرم عائد

امریکا میں اسٹاک ٹریڈنگ اسکینڈل میں پانچ افراد پر 19 نکاتی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

وفاقی حکام کے مطابق، ملزمان نے دو دوا ساز کمپنیوں کے انضمام کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر سیکیورٹیز خرید کر 6 لاکھ ڈالر سے زائد منافع کمایا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، بایوفارماسیوٹیکل کمپنی کے ڈائریکٹر روس ہیگھیات نے خفیہ معلومات حاصل کیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی فائدہ پہنچایا۔ ان معلومات کی بنیاد پر حصص کی خرید و فروخت کی گئی، جس کے بعد انضمام کے اعلان پر شیئر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ روس ہیگھیات پر سیکیورٹیز فراڈ، تجارت اور سازش سمیت 19 الزامات عائد کیے گئے ہیں جب کہ دیگر چار افراد پر بھی مختلف الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، اگر جرم ثابت ہوا تو مرکزی ملزم کو 25 سال اور دیگر کو 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مالیاتی نظام میں شفافیت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کیس کی تحقیقات امریکی پوسٹل انسپکشن سروس کر رہی ہے اور تمام ملزمان کو جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

This post was originally published on VOSA.