امریکا: سرکاری معاہدوں میں دھوکہ دہی، افسر کو 6 ماہ قید

مشی گن(ویب ڈیسک) امریکی ریاست مشی گن کی اسفالٹ پےونگ کمپنی کے سابق اعلیٰ افسر کو سرکاری معاہدوں میں دھوکہ دہی کے الزام میں چھ ماہ قید اور پانچ لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، اسفالٹ اسپیشلسٹس ایل ایل سی کے سابق صدر ڈینیئل ایل اسرائیل نے حریف کمپنی "ایلز اسفالٹ پےونگ کمپنی” کے ساتھ مل کر کئی برسوں تک بولیاں دھوکے سے جیتی تھیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، اسرائیل نے 2013 سے 2018 کے دوران ملی بھگت کے ذریعے مقابلے کا تاثر دیا، جب کہ پہلے ہی یہ طے کرلیا گیا ہوتا تھا کہ معاہدہ کس کمپنی کو ملے گا۔ شریک کمپنی جان بوجھ کر غیر مسابقتی بولی جمع کرواتی تاکہ دوسرا فریق کامیاب قرار پائے۔ یہ مقدمہ وفاقی اینٹی ٹرسٹ تحقیقات کا حصہ ہے جس میں اب تک سات افراد اور تین کمپنیوں پر الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 8.2 ملین ڈالر سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ اس فراڈ سے حکومتی منصوبے متاثر ہوئے اور عوامی فنڈز کا غلط استعمال ہوا ہے۔ اسفالٹ اسپیشلسٹس اور اس کے دیگر سابق عہدیداروں نے بھی اعتراف جرم کیا ہے جب کہ "ایلز اسفالٹ” کمپنی اور اس کے دو ایگزیکٹوز کو بھی اسی نوعیت کے الزامات پر سزائیں سنائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی مارکیٹ میں شفافیت اور مسابقت کو بحال کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔

This post was originally published on VOSA.