
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ کی ناساو کاونٹی میں ایشئن ایڈوائزری کونسل کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا۔ منتخب اراکین کا کہنا ہے کہ وہ ایشئن کمیونٹی کی بہتری کے لیے اپنی خدمات بھر پور طریقے سے انجام دیں گے ۔
ناساو کاونٹی میں ایشئن ایڈوائزری کونسل کے نو منتخب ارکان کی حلف برداری کی پر وقار تقریب کاونٹی کی 125 سالہ تاریخی لیجسلیٹیو اور ایگزیکٹیو عمارت میں منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ناساو کاونٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیک مین نے ایشئن ایڈوائزری کونسل کے نو منتخب ارکان سے حلف لیا اور مبارکباد دی۔شرکاٗ سے خطاب میں بروس بلیک مین کا کہنا تھا کہ کاونٹی میں تمام مذاہب اور اقوام کے باشندے مقیم ہیں جو مہذب انداز میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ تمام ارکان کاونٹی میں مقیم ایشئن کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے فرائض اور زمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے ۔
کاونٹی ایگزیکٹیو نے حلف برداری کے بعد ایشئن ایڈوائزری کونسل کے چیئر مین اکرم چوہدری سے بھی حلف لیا۔اس موقع پر اکرم چوہدری نے بروس بلیک مین سے اظہارِ تشکر کیا، ان کا کہنا تھا بروس بلیک مین نے نہ صرف ایشئن کمیونٹی کو اہمیت دی بلکہ الیکشن سے قبل جو وعدے کیے تھے انھیں پورا کیا ہے۔
اس موقع پر ناساو کاونٹی کے آفس آف ایشئن امریکنز افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے تمام نو منتخب ارکان مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ ان کا دفتر ہر ممکن تعاون کرے گا۔ عون نقوی نے کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ایشئن کمیونٹی کو کونسل میں نمائندگی دینے کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔
This post was originally published on VOSA.