نیوجرسی کے ووڈبرج مال میں ٹک ٹاک پارٹی کے دوران ہنگامہ

نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے ووڈبرج سینٹر مال میں ٹک ٹاک پاپ اپ پارٹی ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی، پولیس نے ملوث افراد کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔

امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق یہ واقعہ ایک وائرل ٹک ٹاک پوسٹ کے بعد پیش آیا، جس میں مقامی نوجوانوں کو مال کے باہر لگنے والے کارنیول میں جمع ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ووڈبرج کے سالانہ کارنیول کے دوران پیش آیا، جب دوپہر 3 بجے کے قریب نوجوانوں کا ایک گروہ جس میں 500 سے زائد نو عمر نوجوان شامل تھے، مال کے باہر جمع ہونے لگے۔ ان نوجوانوں کو جب کارنیول میں داخلے سے روکا گیا تو وہ مال کے اندر جمع ہونے لگے جہاں حالات بگڑنے لگے۔ شام 6 بجے کے بعد بڑی تعداد میں مزید نوجوان پہنچے، جس پر ووڈبرج پولیس نے تمام دستیاب نفری موقع پر طلب کر لی۔ ہجوم کے باعث کارنیول کو بند کر دیا گیا، لیکن اس کے بعد نوجوانوں نے مال کی جانب رخ کر لیا۔ مختلف مقامات پر جھگڑوں اور رکاوٹیں پھلانگنے کے واقعات کے بعد مال کو بھی وقت سے پہلے بند کرنا پڑا۔ پولیس نے قریبی علاقوں کارٹیریٹ، راوے، کلارک، سیرویلی اور ایڈیسن سے نفری طلب کی جس سے رات 8 بجے کے بعد صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔ حکام کے مطابق فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی لیکن ایک نوعمر کو معمولی چوٹیں آئیں اور اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس متعدد ویڈیوز، بشمول سوشل میڈیا، ڈرون اور باڈی کیم فوٹیج، کی مدد سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کر رہی ہے۔ کیپٹن برائن مرفی کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں شامل افراد کے خلاف جلد کارروائی متوقع ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات ان کے مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

This post was originally published on VOSA.