نیویارک میئر کا “سمال بزنس فارورڈ 2.0” پیکج متعارف

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "سمال بزنس فارورڈ 2.0” کے نام سے ایک نیا پیکج متعارف کروایا ہے، جس کا مقصد کاروباری افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے، چلانے اور ترقی دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ منصوبہ 2022 میں شروع ہونے والی "سمال بزنس فارورڈ” مہم کی توسیع ہے، جس میں مختلف سرکاری ادارے ایک ساتھ مل کر کاروباری ضوابط میں اصلاحات کرتے ہیں۔ میئر ایڈمز نے ریستوران مالکان کے لیے محکمہ صحت کی نئی پالیسی کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت اب معائنے سے قبل دو مرحلوں میں ای میل کے ذریعے پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ اس کا مقصد ریستورانوں کو اپنے حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کا وقت دینا ہے تاکہ وہ اعلیٰ معیار کی صحت و صفائی کے تقاضے پورے کر سکیں۔ ساتھ ہی "NYC فیوچر فنڈ” کے تحت ریونیو پر مبنی قرض اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے  جو کاروباروں کو موسمی مالیاتی اتار چڑھاؤ سے نمٹنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرے گی۔ ایڈمز انتظامیہ کے مطابق اس وقت نیویارک سٹی میں 1 لاکھ 83 ہزار چھوٹے کاروبار سرگرم عمل ہیں، جو کہ شہر کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ ان میں سے ہر پانچ میں سے ایک کاروبار ایڈمز کے دور میں شروع ہوا۔ اپریل 2025 میں شہر میں 6,700 نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ نجی شعبے کی ملازمتوں کی تعداد وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آ چکی ہے۔ ایڈمز کا کہنا ہے کہ اعلان کردہ اقدامات میں چھوٹے کاروباروں پر جرمانوں میں نرمی، پہلی خلاف ورزی پر وارننگ کا نظام، اور قوانین میں اصلاحات شامل ہیں۔ آئندہ تین ماہ کے دوران مختلف شہری ادارے موجودہ ضوابط کا جائزہ لے کر ستمبر 2025 تک رپورٹ پیش کریں گے۔ "سمال بزنس فارورڈ 2.0” کے تحت ان اصلاحات کو ضابطہ سازی، انتظامی تبدیلیوں اور قانون سازی کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔

This post was originally published on VOSA.