قومی دفاعی معلومات لیک کرنے کی سازش، ڈی آئی اے اہلکار گرفتار

امریکی ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی (DIA) کے ایک آئی ٹی ماہر کو قومی دفاع سے متعلق خفیہ معلومات غیر ملکی حکومت کے اہلکار یا ایجنٹ کو منتقل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 28 سالہ نیتھن ویلاس لاٹسچ کو ایف بی آئی نے شمالی ورجینیا سے حراست میں لیا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، لاٹسچ نے 2019 میں ڈی آئی اے میں ملازمت اختیار کی اور اُس کے پاس ٹاپ سیکریٹ سیکیورٹی کلیئرنس تھا۔ نیتھن پر الزام ہے کہ اُس نے مارچ 2025 میں ایک غیر ملکی حکومت کو خفیہ معلومات دینے کی پیشکش کی، جس کے بعد ایف بی آئی (FBI) نے ایک خفیہ کارروائی کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے دوران، لاٹسچ نے بارہا اپنے دفتر میں بیٹھ کر خفیہ معلومات نوٹ پیڈ پر لکھیں اور انہیں اپنے لباس میں چھپا کر دفتر سے باہر منتقل کیا۔ بعد ازاں، اس نے ورجینیا کے ایک عوامی پارک میں ایک USB جمع کروائی، جس میں ٹاپ سیکریٹ سطح کی معلومات اور ایک پیغام شامل تھا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، لاٹسچ نے اس کے بدلے غیر ملکی شہریت کی خواہش ظاہر کی، لیکن وہ مالی معاوضے کا خواہشمند نہیں تھا۔ 29 مئی کو جب وہ دوسری بار خفیہ معلومات فراہم کرنے پہنچا تو ایف بی آئی نے اُسے موقع پر گرفتار کر لیا۔ محکمہ انصاف کے مطابق، یہ اقدام امریکی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایسے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو ریاست سے غداری کریں۔کیس کی مزید تفتیش ایف بی آئی، امریکی ایئرفورس آفس آف اسپیشل انویسٹی گیشنز اور ڈی آئی اے کی معاونت سے جاری ہے۔ عدالت میں مقدمہ چلنے تک ملزم کو بے گناہ تصور کیا جائے گا۔

This post was originally published on VOSA.