
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے آئرس روڈریگز روزا کو محکمہ پارکس اینڈ ریکریشن کی کمشنر مقرر کر دیا ہے، وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی لاطینی خاتون بن گئی ہیں۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، آئرس روڈریگز روزا تقریباً چار دہائیوں سے محکمہ پارکس سے وابستہ ہیں اور حالیہ عرصے میں وہ فرسٹ ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں جہاں انہوں نے شہر بھر میں لائف گارڈز کی نگرانی اور اسٹاف کی بحالی کے عمل کی قیادت کی۔ عہدے کا چارج سنبھالنے کے پہلے دن میئر ایڈمز، کمشنر روڈریگز-روزا اور نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) کی سی ای او لیزا بووا-ہیئٹ نے اعلان کیا کہ شہر نے بروکلین، برونکس اور کوئنز میں چھ NYCHA رہائشی پروجیکٹس میں کھیل کے میدان، تفریحی آلات، اور عوامی بیٹھک کی جگہوں کی از سرِ نو تعمیر پر 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری مکمل کر لی ہے۔ یہ اقدام میئر ایڈمز کی "وی آؤٹ سائیڈ سمر” مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر بھر میں تفریحی سہولیات کو بہتر بنا کر شہریوں کے لیے ایک محفوظ اور خوشگوار موسم گرما یقینی بنانا ہے۔ افتتاحی اعلان کے تحت کنگز بورو ہاؤسز، بروکلین میں دو نئے کھیل کے میدانوں کا افتتاح کیا گیا جو اس منصوبے کا آخری مرحلہ تھا۔ ان میدانوں میں نیا کھیل کا سامان، شاورز، بیٹھنے کی جگہیں، اور عوام کے لیے نئے داخلی راستے شامل کیے گئے ہیں تاکہ NYCHA کے مکینوں کے ساتھ ساتھ اطراف کی کمیونٹی بھی ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکے۔ دیگر پانچ منصوبوں میں کوئنز کے ریڈفرن، پومونوک اور وُڈ سائیڈ ہاؤسز، اور برونکس کے واٹسن و سوٹومایور ہاؤسز شامل ہیں جہاں کھلے عوامی مقامات کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں 10,000 سے زائد شہریوں کو ان کے گھروں کے قریب تفریحی پارکوں تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ آئرس روڈریگز روزا نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو اعزاز سمجھتی ہیں اور شہریوں کے لیے پارکوں، کھیل کے میدانوں اور قدرتی تفریحی مقامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ پارک اور کھیل کے میدان صرف آسائش نہیں بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں اور ان کی بہتری شہر کے ہر خاندان کے لیے ضروری ہے۔
This post was originally published on VOSA.