نیویارک سٹی کے ملازمین کے لیے نیا ہیلتھ پلان

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اعلان کیا ہے کہ شہر نے ایمبلم ہیلتھ اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے مشترکہ منصوبے کو منتخب کر لیا ہے تاکہ موجودہ میڈیکیئر ملازمین، پری میڈیکیئر ریٹائرز اور ان کے زیرِ کفالت افراد کے لیے ایک نیا ہیلتھ پلان تشکیل دیا جا سکے۔

 میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار افراد کو بغیر کسی پریمیئم کے اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس میں ڈاکٹروں اور ذہنی صحت کے ماہرین کا وسیع نیٹ ورک بھی شامل ہوگا۔ یہ انتخاب چالیس سال بعد ہونے والے پہلے بڑے حصولی عمل کا نتیجہ ہے جسے میونسپل لیبر کمیٹی کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کے ملازمین اور ان کے خاندانوں کے لیے بہتر صحت کی سہولیات یقینی بنائے گا اور سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت بھی کرے گا۔ نئے منصوبے کے تحت نیویارک شہر کے ملازمین اور ریٹائرز کو زیادہ پرائمری کیئر ڈاکٹرز، اسپیشلسٹ، نرس پریکٹیشنرز اور ذہنی صحت کے فراہم کنندگان کی خدمات میسر ہوں گی۔ خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار شہر سے باہر رہنے والے 80 ہزار سے زائد افراد کو بھی ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے سہولیات ملیں گی جو خاص طور پر پری میڈیکیئر ریٹائرز کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے شہر خود اپنے صحت کے بیمہ پروگرام کو مالی اعتبار سے بہتر اور مؤثر بنائے گا جس سے صحت کی سہولیات کا معیار برقرار رہتے ہوئے اخراجات میں کمی آئے گی۔ میونسپل لیبر کمیٹی اور مختلف یونینز نے اس منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے اور معاہدے کی حتمی منظوری کے لیے مذاکرات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملازمین کو نئے منصوبے اور دیگر متبادل صحت انشورنس آپشنز کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔

This post was originally published on VOSA.